کراچی: سندھ اسمبلی نے گٹکے اور مین پوری پر پابندی کا بل منظور کر لیا جس کی خلاف ورزی پر جیل اور جرمانے کی سزا ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں گٹکا اور مین پوری کی خریدو فروخت قابل سزا جرم بن گیا، سندھ اسمبلی نے گٹکے اور مین پوری پر پابندی کا بل منظور کر لیا ہے۔
گٹکا اور مین پوری بنانے، خریدنے، فروخت کرنے اور ذخیرہ کرنے پر پابندی ہوگی، پبلک ٹرانسپورٹ، سرکاری و غیر سرکاری مقامات پرگٹکا اور مین پوری کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہوگی اسی طرح تعلیمی اداروں اور اسپتالوں میں بھی گٹکے اور مین پوری کے استعمال پرمکمل پابندی ہوگی۔
پابندی کی خلاف ورزی پر قانون کےمطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی، خلاف ورزی پر کم سےکم سزا ایک سے 6 سال قید اور 2 لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: گٹکا ماوا اور مین پوری کھانے والوں کی شامت آگئی، قید و جرمانہ اور جائیداد ضبط ہوگی
واضح رہے کہ رواں سال 6 اکتوبر کو سندھ حکومت نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سندھ میں گٹکے، ماوے اور مین پوری کے استعمال اس کے بنانے اور فروخت کرنے کے خلاف بل سندھ اسمبلی میں پیش کیا تھا۔
سندھ اسمبلی میں پیش گئے گئے مسودے کے مطابق ماوا ، گٹکا اور مین پوری بنانے اور بیچنے والوں کی جائیداد ضبط کرلی جائے گی، گٹکے کا استعمال اور فروخت عوامی مقامات کالجز اسکول اور اسپتالوں میں ممنوع قرار دے دیا گیا۔
گٹکا کھانے والے کو چھ سال قید اور پانچ لاکھ روپے تک کا جرمانہ بھی ہوگا۔ بل کے مطابق گٹکے کی تلاش میں بغیر وارنٹ کسی جگہ چھاپہ مارا جاسکتا ہے۔